بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
فتنوں سے پناہ مانگنے کی دعائیں
(احادیث کی روشنی میں)
زندگی اور موت کے فتنوں سے بچنے کیلئے درج ذیل دعائیں مانگنی چاہئے :۔
-
”حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نماز میں (درود شریف کے بعد) یہ دعا مانگا کرتے تھے :۔
-
اَللّٰهُمَّ اِنِّيْ اَعُوْذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَاَعُوْذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيْحِ الدَّجَّالِ وَاَعُوْذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَالْمَمَاتِ اَللّٰهُمَّ اِنِّيْ اَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْمَاْثَمِ وَالْمَغْرَمِ۔
-
”اے اللہ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں عذاب قبر سے مسیح دجال کے فتنہ سے زندگی اور موت کے فتنوں سے گناہ اور قرض سے۔“ (صحیح بخاری ، صحیح مسلم)
دنیا کے فتنوں سے پناہ مانگنے کی دعا :۔
-
”حضرت سعد رضی اللہ عنہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ وہ ہمیں پانچ باتیں سکھاتے تھے اور کہتے کہ رسول اللہ ﷺ ان الفاظ کیساتھ دعا فرمایا کرتے تھے :۔
اَللّٰهُمَّ اِنِّيْ اَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْبُخْلِ وَاَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْجُبْنِ وَاَعُوْذُ بِكَ اَنْ اُرَدَّ اِلٰى اَرْذَلِ الْعُمُرِ وَاَعُوْذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الدُّنْيَا وَاَعُوْذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ۔
”یا اللہ! میں بخیلی سے نامردی سے ذلیل عمر سے دنیا کے فتنہ سے اور عذاب قبر سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔“ (نسائی)
فتنہ قبر اور آگ کے فتنہ سے پناہ مانگنے کی دعا :۔
-
”حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں رسول اکرم ﷺ یہ دعا کثرت سے فرمایا کرتے تھے :۔
اَللّٰهُمَّ اِنِّيْ اَعُوْذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ النَّارِ وَعَذَابِ النَّارِ وَفِتْنَةِ الْقَبْرِ وَعَذَابِ الْقَبْرِ وَشَرِّ فِتْنَةِ الْمَسِيْحِ الدَّجَّالِ وَشَرِّ فِتْنَةِ الْفَقْرِ وَ شَرِّ فِتْنَةِ الْغِنٰى۔
”یا اللہ! میں آگ کے فتنہ اور آگ کے عذاب سے تیری پناہ مانگتا ہوں قبر کے فتنہ اور قبر کے عذاب سے تیری پناہ مانگتا ہوں نیز فتنہ فقر کے شر سے اور فتنہ غنی (دولتمندی) کے شر سے تیری پناہ طلب کرتا ہوں۔“ (سنن نسائی)
ایمان سے محرومی کے فتنہ سے بچنے کی دعا :۔
-
”حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’میں اپنے حوض پر ہوں گا اور انتظار کروں گا کون میرے پاس آتا ہے کچھ لوگ (میرے پاس آنے سے پہلے ہی) پکڑ لئے جائیں گے میں کہوں گا یہ تو میرے امتی ہیں فرشتے کہیں گے آپ ﷺ نہیں جانتے یہ لوگ الٹے پاؤں پھر گئے تھے (حدیث کے راوی) ابن ابی ملیکہ (حدیث بیان کرنے کے بعد) یہ دعا مانگتے :۔ اَللّٰهُمَّ اِنَّا نَعُوْذُ بِكَ اَنْ نَّرْجِعَ عَلٰى اَعْقَابِنَا اَوْ نُفْتَنَ۔ ”یا اللہ! ہم اس بات سے تیری پناہ طلب کرتے ہیں کہ اپنی ایڑیوں کے بل پلٹ جائیں یا کسی فتنہ میں مبتلا کئے جائیں“۔ (صحیح بخاری)