بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
قیامت کی علامات صغریٰ (۱)
(احادیث کی روشنی میں)
علم دین کا اٹھ جانا اور جہالت کا عام ہونا قریب قیامت کی نشانی ہے :۔
-
”حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :۔ قیامت سے پہلے ایسے دن آئیں گے جن میں جہالت چھا جائے گی، علم (دین) اُٹھ جائے گا اور ہرج یعنی خون ریزی عام ہو جائے گی “ ۔ (صحیح بخاری)
عمل کا ناپید ہونا :۔
-
”حضرت زیاد بن لبید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں نبی اکرم ﷺ کے سامنے کسی بات کا ذکر ہوا تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا :۔ یہ اُس وقت ہو گا جب علم اُٹھ جائے گا میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ علم کیسے اُٹھ جائے گا ؟ جب کہ ہم قرآن پڑھتے ہیں اپنی اولاد کو قرآن پڑھاتے ہیں اور وہ آگے اپنی اولاد کو قرآن پڑھائیں گے اور یہ سلسلہ قیامت تک چلتا رہے گا ۔ آپ ﷺ نے فرمایا : زیاد! تجھے تیری ماں گم پائے ، میں تو تمھیں مدینہ کے سمجھ دار لوگوں میں شمار کرتا تھا کیا یہ حقیقت نہیں کہ یہود و نصاریٰ تورات اور انجیل کو پڑھتے ہیں لیکن ان میں جو کچھ ہے اس پر عمل نہیں کرتے “ (سنن ابن ماجہ)
قیامت کی پانچ نشانیاں :۔
-
”حضرت طارق بن شہاب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :۔ قیامت سے پہلے یہ نشانیاں ظاہر ہوں گی :۔ جان پہچان کے لوگوں کو سلام کہنا ، تجارت کا عام ہونا حتیٰ کہ بیوی اپنے شوہر کی تجارت میں مدد گار ہوگی ، قطع رحمی ، جھوٹی گواہی دینا ، سچی گواہی کو چھپانا اور قلم کا ظاہر ہونا “ ۔ (مسند احمد)
حق کو چھپانا :۔
-
”حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :۔ قیامت سے پہلے جھوٹی گواہی دینے والے اور حق کو چھپانے والے ہوں گے “ ۔ (مسند احمد)
ہمسایہ سے بُرا سلوک اور بے حیائی اور فحش گوئی عام ہوگی :۔
-
”حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :۔ بے شک اللہ تعالیٰ بے حیائی اور فحش گو کو پسند نہیں فرماتا ، قیامت قائم نہیں ہوگی ۔ یہاں تک کہ بے حیائی اور فحش گوئی عام ہو ، قطع رحمی کی جائے ہمسایہ سے بُرا سلوک کیا جائے ، خائن کو امانت دار کہا جائے اور امانت دار کو خائن کہا جائے “ ۔ (مسند احمد)
قیامت کے قریب سب سے زیادہ کمینہ اور احمق آدمی سب سے زیادہ معزز شمار ہوگا :۔
-
”حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :۔ قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک دنیا کے اعتبار سے سب سے بڑا خوش نصیب اسے سمجھا جائے گا جو خاندانی کمینہ اور احمق ہوگا “ (جامع ترمذی)
لوگ جاہلوں سے علم حاصل کریں گے :۔
-
”حضرت ابو امیہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :۔ یہ قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ لوگ جاہلوں سے علم حاصل کریں گے “ ۔ (طبرانی) (صحیح)
قیامت کی علامات صغریٰ مکمل ہونے کے بعد علامات کبریٰ بیان کی جائیں گی۔ انشاء اللہ۔