بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
لعنت و تکفیر (احادیث کی روشنی میں)
-
”حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا، جب کوئی شخص کسی چیز پر لعنت بھیجتا ہے تو لعنت پہلے آسمان کی طرف بلند ہوتی ہے تو آسمان کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں تب وہ زمین کی طرف اُترتی ہے تو زمین کے راستے بھی بند کر دیئے جاتے ہیں، تو پھر وہ دائیں بائیں پھرتی ہے لیکن جب کوئی راستہ نہیں پاتی تو اس شخص کی طرف جاتی ہے جس پر لعنت بھیجی گئی ہو، اگر وہ واقعی اس لعنت کا مستحق ہو، ورنہ لعنت بھیجنے والے کی طرف لوٹتی ہے “۔ (سُنن ابی دائود)
مسلمان پر لعنت کرنا قتل کے برابر ہے :-
-
”حضرت ثابت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مسلمان پر لعنت کرنا اسے قتل کرنے کی مانند ہے اور مسلمان پر کفر کا الزام لگانا اسے قتل کرنے کی مانند ہے “۔ (صحیح بخاری)
لعنت کی مذمت :-
-
”حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، رسول اللہ ﷺ کے زمانہ میں ایک شخص عبداللہ نامی تھا، لوگ اسے حمار کہا کرتے تھے وہ آنحضرت ﷺ کو ہنسایا کرتا تھا اور آنحضرت ﷺ نے ایک مرتبہ اسے شراب نوشی پر کوڑوں کی سزا بھی دی تھی تو اسے ایک دن پکڑ کر لایا گیا۔ ایک شخص نے مجمع سے کہا، اللہ کی لعنت اس پر یہ کتنی زیادہ شراب نوشی کرتا ہے یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اس پر لعنت نہ بھیجو۔ اللہ کی قسم مجھے یہی معلوم ہے کہ اسے اللہ اور رسول ﷺ سے محبت ہے “۔ (صحیح بخاری)
-
”حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا فرماتے تھے زیادہ لعنت بھیجنے والے قیامت کے دن نہ گواہ بن سکیں گے اور نہ سفارشی “۔ (صحیح مسلم)
مومن لعنت کرنے والا اور طعنہ دینے والا نہیں ہوتا :-
-
”حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مومن طعن دینے والا، لعنت بھیجنے والا، فحش گو اور بد زبان نہیں ہوتا “۔ (جامع ترمذی)
رسول اللہ ﷺ کا لعنت سے انکار :-
-
”حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ سے کہا گیا آپ مشرکوں کیلئے بددُعا کیجئے اور ان پر لعنت بھیجئے۔ آپ ﷺ نے فرمایا میں تو رحمت بنا کر بھیجا گیا ہوں ۔ لعنت کرنے والا بنا کر نہیں بھیجا گیا “۔ (صحیح مسلم)
رسول اللہ ﷺ کا طرز عمل :-
-
”حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں نبی ﷺ نہ گالی دیتے تھے نہ بُری بات زبان سے نکالتے تھے اور نہ لعنت بھیجتے تھے۔ کسی سے ناراض ہوتے تو بس یہ فرماتے اسے کیا ہو گیا۔ اس کی پیشانی خاک آلود ہو “۔ (صحیح بخاری)